کولکتہ،11؍اپریل (ایس او نیوز؍یو این آئی) وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے پورے عزم کے ساتھ آج کہا ہے کہ نریندر مودی دوبارہ ملک کے وزیر اعظم نہیں بن سکتے ہیں اور ہم مودی کو اقتدار سے بے دخل کرکے رہیں گے ۔ممتا بنرجی نے عوام سے ووٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں بننے والی نئی حکومت کے قیام میں ترنمول کانگریس ایک بڑا کردارادا کرنے والی ہیں۔انتخاب کا وقت بہت ہی اہم ہے اور بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے ترنمول کانگریس کے امیدواروں کی کامیابی بہت ہی ضروری ہے ۔یہ چناؤہی طے کرے گا وزیراعظم مودی دوبارہ ملک کے وزیر اعظم نہیں بن سکتے۔ممتا بنرجی نے شمالی بنگال کے چوپڑا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرا عظم ساڑھے چار سالوں تک بیرون ملک کا دورہ کرتے رہے اور نصف سال میں اچانک ملک کی ترقی کیلئے سرگرم ہوگئے ۔پانچ سال قبل وہ چائے والا تھے اور اب چوکیدار ہوگئے ہیں۔انتخاب کے بعد مودی کا وجود نہیں رہے گا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ جب نوجوانوں کو ہجومی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا تھا تووہ خاموش تھے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی دنگا باز ہیں اور ملک کو لوٹنے والے ہیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال میں صرف ترنمول کانگریس ہی بی جے پی کو شکست دے سکتی ہے ،اپوزیشن جماعتوں کو بدنام کرنے کیلئے بی جے پی تمام مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کررہی ہے اور یہ بہت ہی خطرناک ہے ۔بی جے پی چاہتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اس کی بالادستی کو تسلیم کرلیں مگر یہ جمہوریت ہے اور یہاں کے عوام جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں وہ کبھی بھی اس طرح کی سوچ اور فکر پر یقین نہیں رکھتے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ اس وقت ملک میں 20ملین نوجوان بے روزگار ہوگئے ہیں،مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے روزگار کے مواقع کم ہورہے ہیں۔